• news

سپیکر سے ملاقات‘ حکومت عوام‘ کاروبار دوست بجٹ پیش کرے گی: اسحاق ڈار


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے معاشی استحکام کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کا سراہا۔ اسحاق ڈار نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے موجودہ معاشی ٹیم کے لیے تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ دریں اثناءوزیر خزانہ سے یہاں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹس آف پاکستان کے صدر محمد علی لطیف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ انسٹی ٹیوٹ کے صدر نے اس موقع پر نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کیلئے انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے تیارکردہ بجٹ تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ ادھر آئندہ بجٹ پر اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے وفاقی بجٹ 2023-24 کے لیے بجٹ تجاویز پر پریزنٹیشن دی جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے معان خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیر اعظم کے معان خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، چیئرمین آر آر ایم سی اشفاق یوسف تولہ، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، اور خزانہ ڈویژن اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حکومت کے کاروبار اور عوام دوست بجٹ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ نیا بجٹ معیشت کے تمام شعبوں کے لیے معاشی خوشحالی لائے اور مختلف شعبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے۔
اسحاق ڈار

ای پیپر-دی نیشن