پاک فضائیہ کا سکواڈرن لیڈر سرفراز رفیقی شہید سے متعلق خصوصی پرومو
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فضائیہ نے اپنے غازیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 1965 کی جنگ کے ہیرو سکواڈرن لیڈر سرفراز احمد رفیقی شہید سے متعلق ایک خصوصی پرومو جاری کیا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سکواڈرن لیڈر سرفراز احمد رفیقی شہید نے اپنے ساتھی ہوابازوں کے ساتھ ملکر یکم ستمبر 1965 کی شام چھمب سیکٹر پر بیس ہزار فٹ کی بلندی پر دوران ِ پرواز بھارتی فضائیہ کے چار حملہ آورطیاروں میں سے تین کو مار گرایا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 6 ستمبر 1965 کی شام انہیں بھارتی فضائی اڈے ہلواڑا پر حملہ آور ہونے کا حکم دیا گیا تاکہ لاہور کا دفاع کیا جاسکے۔ اس مشن میں سرفراز احمد رفیقی شہید نے اپنے ساتھ چار جنگجو طیاروں کی قیادت کی۔ ایک بھارتی طیارہ گرانے کے بعد ان کے جہاز کی مشین گن جام ہوگئی۔ میدان چھوڑ کر بھاگنے کے بجائے انہوں نےاپنے ساتھیوں کو حملہ جاری رکھنے کا حکم دیا اور نہتے ہونے کے باوجود اپنی فارمیشن کی پشت سے حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہیں اپنی شاندار کارکردگی و جرات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ جرات اور ستارہ جرات کے اعزازات سے نوازا گیا۔
سرفراز رفیقی