• news

پرویز الٰہی کے کزن چودھری وجاہت نے پی ٹی آئی چھوڑ دی 

لاہور‘ گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) چوہدری وجاہت حسین‘ سابق وزیر اوقاف پنجاب سعید الحسن اور تحریک انصاف کے رہنما فیض اﷲ کموکا بھی پی ٹی آئی چھوڑ گئے۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ اس وقت پورا پاکستان فوجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کر رہا ہے۔ وقت نے ثابت کیا ہمارے خاندان سے کچھ فیصلے درست نہیں تھے۔ خاندان کے کچھ لوگ جو دوسری پارٹی میں ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر بننے والے مقدمات فرضی تھے، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، میرے خلاف مقدمات میرٹ پر چلیں گے۔ ہر چیز سٹیپ بائی سٹیب ہوگی اور آنے والے دنوں میں خاندان ایک جگہ ہو گا۔ میری راہیں کبھی مسلم لیگ سے جدا نہیں ہوئیں۔ سابق وزیر اوقاف پنجاب سعید الحسن نے کہا کہ 9 مئی کو اندوہناک واقعات سے مجھے اور حلقے کے عوام کو ذہنی اذیت پہنچی۔ 9 مئی کو فوجی تنصیبات کو جلایا گیا‘ شہداءکی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ میں اور میرے حلقے کے عوام 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما فیض اﷲ کموکا نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے تکلیف ہوئی‘ ابھی میں نے فیصلہ کرنا ہے کہ سیاست کرنی ہے یا نہیں۔
پی ٹی آئی چھوڑ گئے

ای پیپر-دی نیشن