سینئر میڈیا پرسنز‘ تھنک ٹینک‘عالمی امور کے ماہر اور دانشوروں کا وفد چین روانہ
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) چینی حکام کی دعوت پر پاکستان کے سینئر میڈیا پرسنز‘ تھنک ٹینک‘ عالمی امور کے ماہرین اور دانشوروں کا وفد آج اسلام آباد سے چین روانہ ہو رہا ہے۔ 8 رکنی وفد کی قیادت نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کر رہے ہیں جبکہ سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں نوائے وقت گروپ کے ہی سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو کو سونپی گئی ہیں۔ وفد اپنے دورہ چین کے دوران دارالحکومت بیجنگ میں مختلف میڈیا ہا¶سز‘ چائنہ ریلوے گروپ‘ انجینئرنگ کارپوریشنز اور بیجنگ ٹی وی ہا¶س کا دورہ کرےگا جبکہ وفد تیزی سے ابھرتے ہوئے شہر‘ صنعتی اور تجارتی مرکز شینزن (Shenzen) کا دورہ بھی کرے گا جہاں وہ مختلف صنعتی اداروں‘ تفریحی اور تاریخی مقامات پر جائے گا۔ گروپ لیڈر کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے روانگی سے قبل گفتگو میں کہا دورہ کے دوران چین کی ترقی اور خوشحالی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا اور خاص طور پر یہ سمجھنے کا موقع ملے گا کہ صدر شی کی ولولہ انگیز قیادت میں چین نے کس طرح 80 کروڑ سے زائد آبادی کو غربت سے نکال کر اپنے پا¶ں پر کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72سالوں سے چین پاکستان کا ہر مشکل کا ساتھی‘ دوست اور بھائی ہے۔ بھارت سے جنگ ہو یا مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ‘ سیلاب ہو یا کووڈ کی آفت‘مالیاتی اور اقتصادی چیلنجز ہوں یا زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی چین نے ہمیشہ آئرن برادر کی طرح پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ حال ہی میں جنگ زدہ سوڈان سے محصور پاکستانیوں کے انخلا میں چین کا تعاون قابل ستائش ہے ۔صنعت ‘ زراعت ‘ انفرا سٹریکچر‘ سائنس ‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی ‘ قابل تجدید توانائی اور ایم ایل ون میگا پراجیکٹ جیسے گیم چینجر منصوبوں میں چین کا تعاون مثالی ہے ۔وفد کی روانگی سے قبل قونصل جنرل لاہور مسٹر ژا¶ شیریں نے وفد کو عصرانہ دیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی دسویں سالگرہ کے موقع پر وفد کا دورہ دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہو گا۔ اس موقع پر گروپ کے سیکرٹری جنرل خاور عباس سندھو نے کہا کہ پاکستان ان کا پہلا اور چین دوسرا گھر ہے۔ چین کی معاشی ترقی پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کے لئے رول ماڈل ہے اور یہ ماڈل اپنا کر ہم اپنے ملک کے عوام کو غربت کی لکیر سے نکال سکتے ہیں۔