معاشی بحران سنگین تر‘ لڑائی چلتی رہی تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ملک کا پورا ماحول زہر آلود ہو چکا ہے۔ سیاستدان ایک دوسرے کو تباہ کرنے کے راستے پر گامزن ہونے کی بجائے بہتری کی تدبیر اپنائیں۔ سیاسی جماعتیں مذاکرات کے لیے راضی نہ ہوئیں تو مایوسی کی تاریک رات طویل ہو جائے گی۔ سیاسی افراتفری سے معاشی بحران سنگین تر ہوگیا ہے۔ لڑائی جاری رہی تو کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ ملک میں جاری جنگ سے سارا نقصان غریب کا ہو رہا ہے، جن کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا بھی ناممکن ہوگیا، اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ 75برسوں سے ملک پر ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا قبضہ ہے، استحصالی اور طبقاتی نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کیں۔ آنے والا کل اسلامی نظام کا ہے۔ عوام ووٹ کی طاقت سے ظالموں کا احتساب کریں۔ منصورہ میں اپنے استقبال کے لیے آنے والی خواتین کی بڑی تعداد سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ کارکن نئے عزم و ولولے کے ساتھ جماعت اسلامی کا جدید اسلامی فلاحی پاکستان کا پیغام عوام میں پھیلائیں۔ گھر گھر دستک مہم کے ذریعے لوگوں کو بتایا جائے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی یا پی ٹی آئی ان کے مسائل کا حل نہیں،خواتین اسلامی تحریک کا اہم دستہ ہیں، قبل ازیں وہ کراچی سے لاہور پہنچے تو جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنان نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ امیر العظیم، اظہر اقبال حسن، قیصر شریف اور دیگر قائدین نے ملاقات کی۔ منصورہ میں علما مشائخ رابطہ کونسل کا وفد بھی ان سے ملنے کے لیے آیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ امیر جماعت نے اپیل کی کہ علما و مشائخ دین کی سربلندی، اسلامی نظام کے نفاذ اور اتحاد و یگانگت کے قیام میں بھرپور کردار ادا کریں اور منبر و محراب کو اس نیک مقصد کے لیے استعمال کریں۔ امیر جماعت سے مختلف وفود، ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، طلبا اور دیگر نمایاں شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔