• news

سعودیہ‘ ترکیہ‘ چین کے بائیکاٹ سے جی 20 اجلاس کی بھارتی سازش ناکام: طاہر اشرفی

لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر میں G20 کانفرنس میں چین، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے شرکت نہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بھارت کی سازش ناکام ہوئی۔ پاکستان علماء کونسل نے ملک کی موجودہ صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 9 مئی کا یوم سیاہ دہشت گردوں اور امن پسندوں کے درمیان واضح تقسیم کرتا ہے۔ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو 9 مئی کے سانحہ میں ملوث مجرمین کے خلاف واضح موقف اپنانا چاہیے، کسی مجرم کو چھوڑا نہ جائے اور بے گناہ کو گرفتار نہ کیاجائے، یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا ذوالفقار، صاحبزادہ حافظ ثاقب منیر، مولانا نائب خان، مولانا حفیظ الرحمن، مولانا شہباز احمد، مولانا افضل شاہ الحسینی، مولانا عاطف تنویر، مولانا گلستان اور دیگر بھی موجود تھے۔ رہنمائوں نے کہا کہ بھارت  G20کی صدارت کا غلط فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ کشمیر کے مسئلہ پر اسلامی تعاون تنظیم، رابطہ عالم اسلامی کا موقف واضح ہے۔ عرب سربراہ کانفرنس کا اعلامیہ امت مسلمہ کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ سعودی عرب کا عرب سربراہ کانفرنس میں قائدانہ کردار امن، سلامتی اور اتحاد کیلئے عملی اقدامات کو واضح کرتا ہے۔ عرب سربراہ کانفرنس کا فلسطین اور امت مسلمہ کے دیگر مسائل پر مئوقف امت کی ترجمانی ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہندوستان سے پاکستان بہتر تعلقات چاہتا ہے تو 5 اگست کی پوزیشن پر واپس آئے اور کشمیر پر بات چیت کرے تو بات چیت کا راستہ کھل سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن