عمران خان کو مائنس کر کے پی ڈی ایم نے کس کیساتھ الیکشن لڑنا ہے:شیخ رشید
راولپنڈی (آئی این پی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو نااہل یا مائنس کر کے پی ڈی ایم نے کس کے ساتھ الیکشن لڑنا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، چادر اور چاردیواری کو روندنے والی ن لیگ دفن اور پی ڈی ایم کا کفن ہوگا، خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، کرپٹ حکومت کو سپورٹ نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی پر لوگ پشیمان ہیں، سازش سے غلط تاثر دیا جارہا ہے کہ عوام اور اداروں میں دوری ہوچکی، گلی محلے سے بے گناہ بچے اٹھائیں گے تو ماں کی بددعائیں لگیں گی، نفرت اور بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے جسے ختم ہونا چاہیے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میری اور میرے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کیلئے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے، میرے سٹاف کو اٹھا کر لے گئے ہیں، جب تک پولیس گرفتار نہیں کرلیتی ٹوئٹر کے ذریعے قوم سے رابطہ رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ناکام، بجٹ بحران، معیشت تباہ، دوست ممالک سے کٹی، یہ ہے حکومت کی کارکردگی، پہلے ہی غریب مر رہا ہے، ڈالر بڑھ رہا ہے، اب دوائیوں کی قیمت میں مزید 20 فیصد اضافہ کر دیا، غریب مٹی ملا آٹا کھا رہا ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ حکومت کو سپورٹ نہ دی جائے، صرف سپریم کورٹ ہی ملک کو سیاسی بحران سے نکال سکتی ہے۔