سہیل اصغر ہمارے پاس نہیں‘ سیکرٹری داخلہ ‘دفاع نے جواب داخل کرادیا
لاہور(خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے مونس الٰہی کے سیکرٹری سہیل اصغر کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر پولیس کو ریکارڈ سمیت یکم جون کو طلب کرلیا ،عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو نمائندہ مقرر کرنے کا حکم دیدیا،سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع نے جواب داخل کرادیا، جواب میں کہا گیا سہیل اصغر ہمارے پاس نہیں ہے، عدالت نے استفسار کیا یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ آپ کو پتہ نہ ہو ،آپ کے پاس پورے ملک میں وسائل ہیں ،آئندہ سماعت پر آپ اس حوالے سے رپورٹ دیں ، سہیل اصغر کی اہلیہ ساجدہ سہیل نے درخواست میں سہیل اصغر کو بازیاب کرانے کی استدعا کی۔