پولیس فورس کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد کانسٹیبلری کی ہیلتھ سکریننگ مکمل :آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس فورس کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد کانسٹیبلری کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کرلی گئی ہے اور ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ ویکسینیشن کی دوسری ڈوز ایک ماہ جبکہ تیسری 6 ماہ بعد لگائی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تمام اضلاع میں ملازمین کی محکمانہ پروموشنز اور ہیلتھ پراجیکٹس پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل ہر افسر و اہلکار کو اس کا جائزحق بلا تاخیر دیا جارہا ہے۔ جبکہ انسپکٹرجنرل پولیس کے فوری ایکشن پر بھکر کے شہری کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹر ل پولیس آفس میں 1787 کمپلینٹ سنٹر کے اچانک دورے کے موقع پر شہریوں کی شکایات سنیں،ضلع بھکر کے شہری نئیر نگاہ نے تھانہ دریا خان میں کروائے گئے تعمیراتی کام کے بل کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایت کی جس پر آئی جی پنجاب نے آر پی او سرگودھا کوٹھیکیدار کا مسئلہ ذاتی نگرانی میں حل کرنے کا حکم دیا۔