گوادر میںفوڈ سٹریٹ،تھیم پارک،واٹر اسپورٹس اورجی ڈی اے کلب کی تعمیر کامنصوبہ
گوادر( این این آئی)گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے فوڈ سٹریٹ،تفریحی تھیم پارک،واٹر اسپورٹس اورجی ڈی اے کلب کمپلیکس کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، ماسٹر پلان کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر جدیدسیاحتی معیشت کی بنیاد رکھنے کے لیے گوادر کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا ۔ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹینڈرز ایوارڈ کئے جائیں گے جس کیلئے بولیاں طلب کر لی گئی ہیں ۔ اس مرحلے میں تجربہ کار قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، کنسورشیمز، ڈویلپرز اور کاروباری گروپوں سے باضابطہ درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 مئی مقرر کی گئی ہے ۔ لازمی تقاضوں میں متعلقہ شعبوں میں 10 سال کا تجربہ، متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹیز اور اداروں جیسے ایس ای سی پی، پی ای سی اور چیمبرز کے ساتھ باضابطہ رجسٹریشن، ایف بی آر اوربلوچستان ریونیو اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔