• news

9 مئی واقعات، کوئی شرپسند کڑی سزا سے بچنا نہیں چاہئے : محسن نقوی 

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ 9مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نامزد شرپسندوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور تمام کیسز کی پیشہ ورانہ انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔ ان واقعات میں ملوث ایک بھی شرپسند قانون کے مطابق کڑی سزا سے نہیں بچنا چاہیے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بے گناہ کا ٹرائل نہ ہو۔ پولیس اور پراسیکیوشن بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ کیسوں کی پیروی کریں۔ جناح ہاو¿س اور عسکری مقامات پر حملہ کرنے والے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس نے شرپسندوں کی گرفتاریوں، شناخت، تفتیش اور مقدمات پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ دوسری جانب محسن نقوی سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی و لودھراں کے وفود نے ملاقات کی۔ بار ایسوسی ایشنزکے عہدیداروں نے وکلاءبرادری کو درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے وکلاءبرادری کے مسائل اور ضروریات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ملتان میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن آڈیٹوریم میں نشستوں اور ائیر کنڈیشن سسٹم کے لئے ڈپٹی کمشنر کو فوری اقدامات کا حکم دیا اور ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لیڈیز بار روم کی توسیع اور ڈے کیئر سنٹر کے قیام کیلئے پلان طلب کر لیا۔ محسن نقوی نے بار ایسوسی ایشن میں بکس کی فراہمی اور غیر ملکی لاء/ لائبریریوں کے سبسکرپشن کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے لودھراں اور وہاڑی بار ایسوسی ایشنز کی چار دیواری، ٹف ٹائلز کا کام ترجیحاً مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ وکلاءکالونی کے امور کا جائزہ لینے کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔
محسن نقوی 

ای پیپر-دی نیشن