• news

پی ٹی آئی کے 335 کارکنوں کی بازیابی کیلئے درخواست پر مقدمات کی تفصیل طلب

  لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے تحریک انصاف کی 335 رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی اور بازیابی کیلئے دائر درخواست پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے گرفتار کارکنوں کی فہرست اور درج مقدمات کی تفصیلات 25 مئی کو دوبارہ طلب کرلیں،عدالت کے استفسار پر وکیل نے کہا کہ درخواست میں نگران حکومت کوچیلنج نہیں کیا گیا ، جس پر عدالت نے کہا کیوں چیلنج نہیں کیا؟ کوئی بڑا کام کریں، جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ دوسری درخواست میںنگران حکومت کو چیلنج کر رکھا ہے ، پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے درخواست میں موقف اپنایا کہ چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر عوام نے احتجاج کیا ،احتجاج روکنے کیلئے حکومت نے خلاف قانون اقدامات اٹھائے ،انتظامیہ نے پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں، پنجاب بھر میں ڈپٹی کمشنرز نے پی ٹی آئی رہنماوئں اور کارکنوں کی نظربندی کے احکامات جاری کئے ،جمہوریت میں پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے ،ڈپٹی کمشنرز نے نظربندی کے احکامات بغیر کسی قانونی جواز کے جاری کئے،کارکنوں اور رہنماوئں کیخلاف بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے،عدالت پی ٹی آئی رہنمائوں کی بازیابی اور رہائی کے احکامات جاری کرے، استدعا ہے کہ عدالت ڈپٹی کمشنرز کے جاری کردہ نظربندی کے نوٹیفکیشنز کالعدم قرار دے۔

ای پیپر-دی نیشن