• news

9 مئی واقعہ ملکی تاریخ کا سیاہ باب، شہداءکی تکریم سب پر واجب : گورنر 

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور ملک کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے اداروں، فوجی تنصیبات پر حملے اور شہداءکی یادگاروں کی بے توقیری کرنا ناقابل برداشت فعل ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دین اسلام میں شہداءکے لیے اعلی ترین مرتبوں کی بشارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکی عزت و تکریم ہم سب پر واجب ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت معاشی چیلنجز کے باوجود ملک میں ترقی اور استحکام لانے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں مثالی اقدامات کیے گئے اور جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن