ہائیکورٹ: ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک افراد کی گرفتاریوں کیخلاف پنجاب حکومت‘ سی سی پی سے جواب طلب
لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ نے نو مئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے ڈیجٹل میڈیا سے منسلک افراد کی گرفتاریوں کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت اور سی سی پی سے جواب طلب کرلیا۔جسٹس انوار الحق پنوں نے درخواست گزار نبیل رشید کی درخواست پر سماعت کی جس میں حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب سی سی پی او کو فریق بنایا گیاہے۔عدالت نے تین ڈیجٹل میڈیا کے گرفتار افراد محمد اسد،شیخ احمد ارقم اور سلمان غفور کی حراست سے متعلق پنجاب حکومت اور سی سی پی سے جواب طلب کرلیا۔عدالت نے ڈیجٹل میڈیا پرسنز کو ہراساں کرنے سے بھی روک دیا ہے۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ آزادی اظہار رائے پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔ نو مئی کے واقعات کو الیکٹرانک میڈیا کےساتھ ڈیجٹل میڈیا نے بھی رپورٹ کیا۔، الیکٹرانک اور ڈیجٹل میڈیا کی فوٹیجز سے شرپرست عناصر کو قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتار کر رہے ہیں۔فوٹیجز بنانے اور واقعہ کو رپورٹ کرنے والے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے افراد کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔آئین پاکستان آزادی اظہار رائے پرقدغن عائد نہیں کرتا۔قوانین کے تحت پیشہ ور صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی آزادی ہے۔درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس کو سوشل میڈیا سے منسلک کی گرفتاریوں سے روکنے اور گرفتار صحافیوں کی بازیابی کا حکم دے۔