ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام ملک بھر میں ”سیفٹی ڈے“ منایاگیا
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ بجلی کے کارکنوں نے ملک بھر میں کام پر آئے روز لائن سٹاف کے فرائض کی سرانجام دہی کے دوران المناک حادثات روکنے اور انہیں محفوظ حالات کار مہیا کرانے کیلئے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام ملک بھر میں ”سیفٹی ڈے“ منایا۔ کارکنوں نے خصوصاً پشاور‘ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘ ملتان‘ فیصل آباد‘ سکھر‘ حیدر آباد‘ کوئٹہ و دیگر شہروں میں بھاری اجتماعات منعقد کئے بختیار لیبر ہال لاہور میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کرتے ہوئے فرائض کی انجام دہی میں شہید کارکنوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور کام پر حادثات کو روکنے کی مہم کو کامیاب کرنے کا عہد کیا۔ اجلاس میںخورشید احمد جنرل سیکرٹری یونین نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر برائے توانائی حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ بجلی میں گزشتہ 6 سال سے سٹاف کی بھرتی نہ ہونے‘ سینئر ملازمین کی ریٹائرمنٹ اور بجلی کے کام میں کئی گنا اضافے کی وجہ سے لائن سٹاف آئے روز المناک حادثات کا شکار ہو رہا ہے۔ اگر کارکنوں کے دوہرے کام کے بوجھ کو کم نہ کیا گیا تو کارکن دو گنا کام سے انکار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اجلاس کو حاجی محمد یونس‘ اسامہ طارق‘ رانا عبدالشکور‘ مظفر متین‘ حسن منیر بھٹی‘ نوشیر خان‘ حاجی لیاقت علی‘ ملک زاہد‘ لیاقت علی گجر‘ رانا شہباز احمد‘ نوید عاشق ڈوگر‘ امان اﷲ خان‘ رانا شفیق و دیگر نمائندگان یونین نے بھی خطاب کیا۔