کمشنر کا ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس کا دورہ
لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔چیف انجینئر اسرار سعید اور ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر نے کمشنر لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس میں مرد و خواتین کیلئے جم، سوئمنگ پول ، چائلڈ پلے ایریا ،جاگنگ ٹریک، کیفے ٹیریا، انڈور اسپورٹس، بیڈ منٹن، ٹینس کورٹ ، سنوکر، سکواش و دیگر سہولتیں موجودہیں۔اس موقع پر کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ 35کنال پر تعمیر کیا گیا سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس شہریوں کیلئے بہت جلد کھولا جائے گا۔یہ پرائیویٹ سیکٹر کی طرز پر بنایا گیا سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔مرد و خواتین کیلئے یہ لاہور کا بہترین و جدید ترین سپورٹس کمپلیکس ہو گا۔سپورٹس کمپلیکس میں 17 سے زائد کھیلوں و جسمانی سرگرمیوں کی سہولیات موجود ہیں۔ سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس میں ای لائبریری بھی قائم کی گئی ہے اور شہر میں 10دیگر سپورٹس کمپلیکسز میں بھی ایک لائبریری کو لازمی شامل کیا جائے گا۔