• news

محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس: اکبر چوک فلائی اوور دیگر منصوبوں کی منظوری

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت  ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی  کے اجلاس  میں ایل ڈی اے سے متعلقہ امور کے بارے میں متعدد فیصلوں کی منظوری دی گئی اور بلڈنگ اینڈ زونز ریگولیشنز میں ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔  بینک آف پنجاب میں ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس کے ذریعے  سرمایہ کاری، ایل ڈی اے ریگولیشن 1978برائے تعیناتی و ملازمت میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ ٰ محسن نقوی نے ادارے کی جانب سے لی گئی اراضی کا معاوضہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ایل ڈی اے کو ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں سے اراضی لی گئی ہے، معاوضہ ان کا حق ہے۔ عدالتی حکم پر متاثرہ فریق کو فوری ادائیگی کی منظوری دی گئی اور پارک اینڈ رائیڈ پلازہ لبرٹی کی دکانوں کی نیلامی کا اختیار ایل ڈی اے آکشن کمیٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اکبر چوک فلائی اوور بنانے کے نظر ثانی شدہ منصوبے کی منظوری دی گئی جبکہ 4 رویہ راوی برج کے منصوبے کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں چیک پوسٹ کے قریب خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔  انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ یوم تکریم شہداء قومی جوش و خروش اور ملی جذبے سے منایا جائے گا اور پوری قوم اپنے شہداء اور ان کی فیملیز کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ صوبائی وزراء اور حکام شہداء کی یادگاروں پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے ٹیچنگ  ہسپتال و میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔ محس نقوی نے مفرور شرپسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ اجلاس میں موڑ ایمن آباد کے قریب ایک ہزار کنال اراضی پر یونیورسٹی اور نیو ٹیچنگ ہسپتال میں برن یونٹ کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔  محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے ٹیچنگ ہسپتال و میڈیکل کالج کا دورہ کیا۔ بعض وارڈز میں اے سی چلنے کے باوجود کولنگ نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اے سی چل رہے ہیں لیکن کوئی کولنگ نہیں اور مریض گرمی برداشت کر رہے ہیں، فوری طور پر اے سی کو ٹھیک کرایا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن