• news

گدو پاور پلانٹ‘ سینٹ کمیٹی توانائی نے امریکی کمپنی کو ادائیگی روک دی

اسلام آباد (نامہ نگار) سینٹ قائمہ کمیٹی پاور نے گدو پاور پلانٹ میں امریکی کمپنی (میسرز جنرل الیکٹرک)کو ادائیگی روکتے ہوئے پاور پلانٹ کو ہونے والے نقصان کی وصولی کی بھی سفارش کی ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو اور ڈی ایم ڈی، این ٹی ڈی سی کی تقرریو ں میں تاخیر کے بارے میں آئندہ اجلاس میں تفصیلات پیش کرنے کا کہا ہے، کمیٹی کو جنوری میں ہونے والے بجلی کے بڑے بریک ڈائون اور کی گئی انکوائریوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا،  ترقی اور CEO، جی ایچ سی ایل کی تقرری کی صورتحال کے ساتھ تمام جنکو زپر نصب پبلک سیکٹر پاور پلانٹس کی دیکھ بھال اور آپریشن کی صورتحال اور میپکو میں تقرریوں کے عمل سے متعلق عوامی اہمیت کے نکات پر بھی غور کیا گیا۔ رواں سال جنوری میں ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بڑے بریک ڈائون کی وجوہات کی تحقیقات کے بارے میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ سسٹم کے آپریشنز کے لیے ایس او پیز کی کمی، عمومی طور پر اس واقعہ کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اس خاص معاملہ میں یہ بھی دعوی کیا گیا کہ خراب موسم کی وجہ سے ہوا کی طاقت میں اضافہ تباہی کا باعث بنا، کمیٹی نے معاملہ کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی چار انکوائری کمیٹیوں کی رپورٹس پر سوالات اٹھائے اور ان کی عدم دستیابی پر سخت اعتراض کیا۔

ای پیپر-دی نیشن