• news

10,9 مئی واقعات کے شرپسندوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی : مریم اورنگزیب 


 پشاور (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نو اور دس مئی کے واقعات کے شرپسندوں اور مسلح جتھوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائےگی،اگر یہ سمجھتے ہیں سیاسی احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر وہ جرم سے بری الذمہ ہو جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں۔ وہ جمعرات کو یہاں وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ریڈیو پاکستان پشاور کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2014ءمیں جس طرح ان لوگوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا تھا، اسی طرح مکمل منصوبہ بندی سے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ کیا، 9 مئی کو گارڈز اور عملے نے شرپسندوں کو روکنے کی پوری کوشش کی تاہم 10 مئی کو یہ شرپسند اور مسلح جتھے مکمل منصوبہ بندی سے دوبارہ ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ آور ہوئے، ان کے پاس ڈنڈے اور پٹرول تھا، ضلعی انتظامیہ اور ریڈیو پاکستان کے عملے نے عمارت کو بچانے کی بہت کوشش کی، اس دوران عملے کے متعدد افراد بھی شدید زخمی ہوئے،واقعہ کی ایف آئی آر بھی اسی روز درج کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مجرموں اور مسلح جتھوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائےگی، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر وہ اس جرم سے بری الذمہ ہو جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں، 9 مئی دوبارہ نہیں دوہرائی جا سکتی، مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن