• news

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی 9 مئی واقعات پر غم و غصہ: ریلیاں‘ سیمینار 

اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) ملک بھر کی طرح بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی 9 مئی کے واقعات پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اسی لئے دنیا کے کونے کونے بشمول یورپ، امریکہ، مشرق وسطی اور آسٹریلیا میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے مختلف تقریبات، ریلیوں اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد شریک رہی۔ شرکا کی جانب سے 9 مئی کو ہونے والی شرانگیزی کی شدید مذمت کی گئی اور پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق تاجکستان (دوشنبے)، آسٹریا (ویانا)، آذربائیجان، جنوبی افریقہ(پریٹوریا)، امریکہ(نیویارک)، جرمنی(فرینکفرٹ، برلن)، ترکیہ، روس، ناروے(آسلو)، بیلجیم(برسلز)، نیدرلینڈز اور برطانیہ(لندن) میں تکریم شہدا پاکستان کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں۔ آسٹریا کے شہر ویانا میں پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کی جانب سے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں پاکستان ایمبیسی کے سامنے پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان جمع ہوئے۔ برطانیہ میں اوور سیز پاکستانی ویلفیئر کونسل کی جانب سے پاک فوج کے حق میں کار ریلی کا انعقادکیا گیا ہے۔ برطانیہ کار ریلی کے شرکا کی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے گئے۔ کار ریلی کا انتظام اوورسیز پاکستانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم عباسی نے کیا۔آذربائیجان کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑی تقریب منعقد کی گئی۔جنوبی افریقہ میں بھی استحکام پاکستان سے متعلق تقریبات جاری ہیں۔ جرمنی میں بھی عوام پاک فوج سے یکجہتی میں پیش پیش ہیں۔ اس موقع پر فرینکفرٹ میں صدر پاکستان ای یو فرینڈشپ عنصر بٹ کی جانب سے مختلف میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ جرمنی میں پاک فوج پر ہوئے حالیہ ناگوار حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔جرمنی کے شہر برلن میں تقریبات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کمپین کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اسی طرح برادر ملک ترکیہ میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ترکیہ میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔ ترکیہ میں پاکستان میں ہونے والے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔ طلبا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج پاکستان کے دشمنوں کے خلاف دیوار ہیں۔ برطانوی شہر لندن میں مذہبی رہنماﺅں کی طرف سے استحکام پاکستان کا پیغام دیا۔ قاضی عبدالعزیز چشتی، مرکزی سیکرٹری جماعت اہلسنت نے کمیونٹی ممبران تک استحکام پاکستان کا پیغام پہنچایا جسے بعدازاں اخبارات میں بھی شائع کیا گیا۔برطانوی مسلم راہنما نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف ایک ڈھال ہے اور فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔نیدرلینڈ میں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا پر جوش جذبہ، شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ۔ روس میں استحکام پاکستان کے سلسلے میں پاک فوج سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ روس میں پاک افواج پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت، پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ شرکا نے مطالبہ کیا کہ پاک فوج کو نقصان پہنچانے یا سازش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ آسلو اور برسلز میں بھی پاک فوج سے یکجہتی کی تقریبات کا انعقاد، استحکام پاکستان کا پیغام پوری دنیا میں اجاگر کیا گیا۔ 
پاکستانی کمیونٹی

ای پیپر-دی نیشن