جمشید ، مسرت چیمہ، ملیکہ ، سینیٹر عبدالقادر سمیت متعدد رہنماو¿ں نے پی ٹی آئی کو الوداع کہہ دیا
اسلام آباد راولپنڈی گوجرانوالہ (خبر نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں+ نمائندہ خصوصی) جمشید چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری، سینیٹر عبدالقادر، احسان الحق، ڈاکٹر افضل، خواجہ قطب، چودھری جہانزیب بھی پی ٹی آئی چھوڑ گئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق پریس کانفرنس میں جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے سیاست اور پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ رہنما پی ٹی آئی جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ دونوں رہنما¶ں نے رہائی کے بعد پریس کانفرنس کی۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ نو مئی کے واقعات پاکستان کی تاریخ کے برے لمحات میں سے ایک ہیں۔ جناح ہا¶س پر حملے کا پلان کسی کا نہیں تھا۔ صرف احتجاج کا پلان تھا۔ توڑ پھوڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے۔ رجیم چینج کے بعد عمران خان کے بیانیے کو نہ روکنا ہمارا قصور ہے۔ ہم نو مئی کے واقعات کو روکنے میں ناکام رہے۔ گزشتہ تیرہ ماہ میں جو بیانیہ بنا اس میں سینئر قیادت اور عمران خان شامل ہیں۔ اس بیانیئے کی وجہ سے جو فضا بنی اس کی انتہا نو مئی کے واقعات ہیں۔ پی ٹی آئی کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں۔ مسرت چیمہ نے کہا بڑا بیٹا کینسر کا مریض ہے اس سے زیادہ دیر الگ نہیں رہ سکتی، فوج ہم سب کی آزادی اور سکون کی محافظ ہے۔ ملیکہ بخاری نے کہا کہ نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، ہر پاکستانی کیلئے 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔ ملیکہ بخاری نے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں بحیثیت وکیل پاکستان میں اہم کردار ادا کروں، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہئے، جیل کی مشکلات کا سامنا مشکل ہے، دلیری کے ساتھ ان مشکلات کا سامنا کیا، مئی کی گرمی میں اڈیالہ جیل میں ایک دن گزاریں تو مشکلات کا اندازہ ہو۔ سینیٹر عبدالقادر نے پاکستان تحریک انصاف سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد حیثیت سے میری سیٹ برقرار ہے۔ پارلیمنٹ ہا¶س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عبدالقادر کا کہنا تھا کہ جناح ہا¶س، کور کمانڈر ہا¶س اور آرمی تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، تقسیم اور تشدد کا راستہ تمام جماعتوں نے اختیار کیا۔ سیاستدان ملک کو بحران سے نکالنے میں کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر افضل اور چودھری احسان الحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ واپس کرتے ہیں۔ تشدد کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی خواجہ قطب فرید کوریجہ نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ قطب کوریجہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ تحریک انصاف کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر چودھری جہانزیب رشید نے بھی پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرکے سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔ سوات سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس سلسلہ میں سندھ ہاﺅس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری، ڈاکٹر حیدر علی، سید محمد علی بادشاہ، ہمایوں خان، نذیر ڈھوکی اور بہت بڑی تعداد میں پی پی کے کارکنوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سوات سے پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور پی پی کے تمام کارکنوں کی جانب سے پی پی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔پی ٹی آئی کے سٹی صدر خالد عزیز لون نے 9 مئی کو احتجاجی مظاہروں کے دوران پاکستان کی سلامتی کے ضامن اداروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ سابق ایم پی اے ملک اکرم نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ملک اکرم نے کہا کہ حلقے کے عوام کے ساتھ مشاورت کرکے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اور یوتھ ونگ کے صدر محمد عباس جعفری مستعفی ہو گئے۔ محمد عباس جعفری نے کہا کہ تحریک انصاف کی رکنیت اور عہدے سے مستعفی ہوتا ہوں۔