• news

آڈیو لیکس جوڈیشل کمشن نے نجم ثاقب سمیت 4 افراد کو کل طلب کرلیا 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آڈیولیکس جوڈیشل انکوائری کمیشن نے تحقیقات کے لیے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب سمیت چار شخصیات کو 27 مئی کو طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق آڈیو لیکس کمیشن نے تحقیقات کے لیے طلبی کے نوٹسز جاری کرنا شروع کر دیے، کمیشن نے مبینہ آڈیوز سے جڑی چار شخصیات کو 27 مئی کو طلب کرلیا۔آڈیو لیکس کمیشن نے صدرسپریم کورٹ بار عابد زبیری، خواجہ طارق رحیم ایڈوکیٹ اور صحافی عبد القیوم صدیقی کو 27 مئی کو طلب کیا ہے۔اس کے علاوہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کو بھی انکوائری کمیشن نے بلا لیا، جوڈیشنل انکوائری کمیشن کا آئندہ اجلاس سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 2 میں 27 مئی کو ہو گا۔گزشتہ روز آڈیو لیکس کی تحقیقات میں اٹارنی جنرل آفس نے بارہ ناموں کی فہرست جوڈیشل انکوائری کمیشن میں جمع کرائی تھی ، ذرائع نے بتایا تھا کہ فہرست میں سب سے پہلا نام پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کا ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان، مسرت جمشید چیمہ، وکیل خواجہ طارق رحیم کے نام بھی فہرست کا حصہ ہیں جبکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار۔ ان کے بیٹے نجم ثاقب۔ پی ٹی آئی امیدوار ابوذر مقصود چدھڑ اور صحافی قیوم صدیقی کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔اٹارنی جنرل آفس نے 8 مبینہ آڈیوز سے متعلق 12 ناموں کی فہرست تیار کی۔
جوڈیشل کمشن

ای پیپر-دی نیشن