• news

شہید کی بے قدری غداری، تھو ہے سیاستدانوں کے بھیس میں چھپے غداروں پر: مریم نواز 


لاہور (این این آئی) مریم نواز نے کہا ہے کہ میں اور نواز شریف بدلے پر یقین نہیں رکھتے، جو ہو رہا ہے یہ قدرت کا نظام انصاف ہے۔ عمران کے سیاسی گناہ ان کا تعاقب کر رہے ہیں۔ اس طرح کا انصاف انسانیت کے لیے سبق آموز ہے، شہیدوں کا لہو کسی فرد کا نہیں، قوم کا قرض ہوتا ہے، جو اس کی بے قدری کرے وہ صرف غدار ہوتا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران کے اس مﺅقف کو رد کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت جو ہو رہا ہے وہ مریم نواز کو موقع فراہم کیا جا رہا ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے جو ان کے والد نواز شریف کو اقتدار سے بے دخل کیا گیا تھا تو اس کا بدلہ لے سکیں۔ مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف انہوں نے خوامخواہ کا محاذ کھول رکھا تھا، خاص طور انہیں وزارت عظمی کے منصب سے ہٹانے کے لیے عمران آلہ کار بنے۔ اب جو عمران خان کہہ رہے کہ جو انہوں نے نواز شریف کے ساتھ کیا تھا وہ اتناغلط تھا کہ اب یہ سب ان کے ساتھ بھی وہی کچھ ہو رہا ہے۔ ہاں، ہمارا قدرت کے نظام انصاف پر کامل ایمان ہے اور جو ہم دیکھ رہے ہیں ہو یہی قدرتی نظام انصاف کے ہی مناظر ہیں۔ اس طرح کا انصاف انسانیت کے لیے سبق آموز ہے۔ انہوں نے یوم تکریم شہداءکی مناسبت سے شہید کی موت قوم کی حیات کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا لہو کسی فرد کا نہیں، قوم کا قرض ہوتا ہے، ملک کا فخر اور مٹی کی امانت ہوتا ہے۔ جو اس کی بے قدری کرے وہ صرف غدار ہوتا ہے! تھو ہے سیاست دان کے بھیس میں چھپے غداروں پر۔

ای پیپر-دی نیشن