ایشیا کپ کا فیصلہ کل، ایشین کرکٹ کونسل نے ہائبرڈ ماڈل منظور کرلیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ پر پی سی بی کا ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا ہے، پاکستان ایشیا کپ کے 4 یا 6 میچز کی میزبانی کرے گا۔پی سی بی نے کہا ہے کہ باقی میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے جس کا تعین اگلے ہفتے میٹنگ میں کیا جائےگا، پاکستان باقی میچز یو اے ای میں کرانا چاہتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی ایشیا کپ پر آخر کار اپنا مو¿قف منوانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔دوسری طرف بی سی سی آئی سیکرٹری، اے سی سی صدر جے شاہ نے بھی ایشیا کپ کے معاملے پر پی سی بی کی تجویز مان لی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر ایشیا کپ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کے چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، باقی تمام میچز نیوٹرل ویونیو پر ہوں گے۔ ایونٹ کےلئے یو اے ای یا سری لنکا نیوٹرل وینیو ہو سکتا ہے جبکہ نیوٹرل وینیو سے متعلق اعلان 27 مئی کو اے سی سی اجلاس کے بعد ہوگا۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ایشیاکپ کے میزبان ملک سمیت شیڈول کو حتمی شکل دےدی گئی ہے ۔ ایشیا کپ کی میزبانی کرنے والے ملک یا ممالک اور شیڈول سے متعلق حتمی فیصلہ آئی پی ایل کے فائنل کے موقع پر کیا جائےگا جس میں ایشین کرکٹ کونسل کی اعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی۔ ابھی تک ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ہم آئی پی ایل میں مصروف ہیں لیکن سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کرکٹ بورڈ کی سرکردہ شخصیات 28 مئی کو ہونے والا آئی پی ایل فائنل دیکھنے آرہی ہیں، ہم بات چیت کریں گے اور اسی دورانیہ میں حتمی فیصلہ کریں گے۔