• news

سیف اللہ نیازی ، ابرارالحق ، فردوس عاشق، مراد راس سمیت مزید10 رہنما پی ٹی آئی سے الگ 

لاہور‘ اسلام آباد‘ حافظ آباد‘ پنڈی بھٹیاں (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مزید 10 رہنما پارٹی سے الگ ہو گئے ہیں۔ ان میں پی ٹی کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ نیازی‘ معروف گلوکار ابرار الحق‘ رکن سندھ اسمبلی رابطہ اظفر نظامی‘ فردوس عاشق اعوان‘ مراد راس‘ قاسم خان‘ شیخ خرم شہزاد‘ احسن عنصر بھٹی، عباس جعفری اور شبیر احمد شامل ہیں۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزا دی جائے، عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کے لیے زہر قاتل بن گیا ہے، وہ لوگوں کو ٹیشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں اور پھر پھینک دیتے ہیں، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ میں شرپسند کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑ رہی ہوں، 9 مئی کے واقعات کی زمان پارک سے منصوبہ بندی کی گئی، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ جہاں ہم آج بیٹھے ہیں معلوم نہیں تھا کہ ایسے بیٹھے ہوں گے، ملک ہم سب کا ہے، ہم سب نے یہیں رہنا ہے، لڑائی سے ملک بہتر نہیں ہو سکتا۔ جو 9 مئی کو ہوا اس کی جتنی مذمت کریں کم ہے۔ مراد راس نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ پی ٹی آئی کو خیر باد کہیں گے۔ آج عمران خان اور پی ٹی آئی سے راستے جدا کر رہے ہیں۔ سابق صوبائی وزیر علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے رو پڑے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق مشیر جیل ملک قاسم خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔ مفاد عامہ کی خاطر یہ قدم اٹھایا۔ ہماری قوم کا مفاد اسی میں ہے کہ ہم تحریک انصاف چھوڑ دیں۔ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9مئی کی مذمت کرتا ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ کے سینئر نائب صدر بشیر احمد نے 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے شیخ خرم شہزاد نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت، پارٹی عہدہ چھونے کا اعلان کرتا ہوں۔ شیخ خرم شہزاد پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ سابق ایم پی اے میاں احسن عنصر بھٹی نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کسی پارٹی میں شامل نہیں رہا۔ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے سیاست اور پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔ سیف اللہ نیازی کا شمار عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیف اللہ نیازی کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے واقعات پر انتہائی افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران بہت ڈسٹرب رہا، اپنی فیملی پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ابرار الحق کا کہنا تھا کہ میری پرورش ایسے گھرانے میں ہوئی جو سیاسی بھی تھا اور فوجی گھرانہ بھی تھا‘ اﷲ نے جب مجھے شہرت دی تو پاکستان کے لئے کچھ کرنے کا جذبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہداءکے بچوں کے لئے ہمارے میڈیکل کالج میں تعلیم مفت ہے‘ میری عادت ہے کہ میں شہداءکی تصویر کو سلیوٹ کرتا ہوں۔ ابرار الحق نے سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کیا اور نظم سناتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ جب سیاست ہی چھوڑ دی تو پھر پی ٹی آئی یا کوئی جماعت کا نام کیا لینا؟۔ پی ٹی آئی کی رکن سندھ اسمبلی رابعہ اظفر نامی نے بھی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر رابعہ اظفر نے اپنے طویل بیان میں کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہوں‘ میں ایک تعمیری مقصد کے تحت سیاست میں آئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹر شوکت ترین‘ فلک ناز ‘ ذیشان خانزادہ کا پارٹی چھوڑنے کا امکان ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا آفریدی بھی پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی سے الگ
 

ای پیپر-دی نیشن