وزیر خزانہ سے امریکی سفیر کی ملاقات‘ اقتصادی تعلقات بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو اپنی قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے محصولات اور اخراجات سے متعلق حکومت کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ان مختلف اقتصادی شعبوں کے بارے میں بھی امریکی سفیر کو آگاہ کیا جن میں دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی محاذوں پر گہرے تاریخی اور پائیدار دوطرفہ تعلقات کے بارے میں بتایا۔ وزیر خزانہ نے چیلنجنگ معاشی ماحول سے نمٹنے اور معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن پالیسی و ترجیحات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے سفیر ڈونلڈ بلوم کو آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے حکومت کی لگن کی یقین دہانی کرائی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تعاون کا اظہار کیا۔