• news

پنجاب بلدیاتی انتخابات‘ الیکٹورل گروپس کے اندراج کا شیڈول جاری


اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات پنجاب کے حوالے سے الیکٹورل گروپس کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت حاصل کئے بغیر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، ان کے لئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعتی بنیادوں پر کیا جائے گا، چنانچہ ایسے متوقع امیدواران جو آزاد حیثیت میں بغیر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، انہیں الیکٹورل گروپ کا اندراج کروا کر گروپ کی صورت میں الیکشن میں حصہ لینا ہوگا۔ 6 تا12جون تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان، فارم 1پر الیکشن کمیشن کے مجاز افسر کے پاس درخواست جمع کروا سکیں گے۔ 19 جون تک مجاز افسران فارم 1پر موصول ہوئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کسی کمی بیشی کی صورت میں درخواست متعلقہ الیکٹورل گروپ کے سربراہ کو واپس دیں گے۔ 26جون تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان مجاز افسر کے پاس درستگی کے بعد ترمیم شدہ فارم 1دوبارہ جمع کروائیں گے۔ 27 جون تا 03 جولائی تک مجاز افسران الیکٹورل گروپ کے اندراج کی تصدیقی سند فارم 3جاری کریں گے۔ درخواستوں کو منظور یا مسترد کرنے پر مجاز افسران کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات و گزارشات دائر کرنے کی تاریخ 04 جولائی تا 10جولائی مقرر کی گئی ہے۔ ان گزارشات یا اعتراضات کی شنوائی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ افسران کریں گے۔ 17جولائی تک ان اعتراضات و گزارشات پر فیصلے جاری کر دئیے جائیں گے اور الیکٹورل گروپس کے اندراج کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن