کرونا: اگلے ماہ چین میں بہت تیزی کا امکان، لاہور، مثبت شرح 0.25فیصد
اسلام آباد؍ بیجنگ (نامہ نگار+ این این آئی) قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے12کیس رپورٹ ہوئے اور 6مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ جمعہ کو این آئی ایچ کے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ایک ہزار 949ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 12افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 0.62فیصد رہی اور اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔ تاہم 6 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ لاہور میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 1202ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے3 کا نتیجہ مثبت آیا، مثبت کیسزکی شرح 0.25فیصد رہی۔ چین میں جاری کرونا کیسز کی نئی لہر اب شدید خطرے میں بدل گئی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق چینی حکام کرونا وائرس کی جاری نئی لہر سے نمٹنے کے لیے ویکسین تیار کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ کرونا کے نئے ویریئنٹ XBB کا مقابلہ کرنے کے لیے قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے ویکسین تیار کی جا رہی ہے اور ابتدائی طور پر 2 ویکسینز کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ تین سے چار ویکسینز کو بھی جلد منظوری دے دی جائے گی۔ ایک رپورٹ کے مطابق جون میں کرونا کی شدت میں بہت تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس دوران ہفتہ وار 65 ملین کیسز سامنے آسکتے ہیں۔