• news

وزیر اعلیٰ گلگت کی ڈگری معاملہ :ایچ ای سی نے غیر ملکی سندکو منسو خ کر دیا

اسلام آباد(مہ نگار) اعلی تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)نے یونیورسٹی آف لندن کی طرف سے مہیا کی جانے والی درج ذیل تصدیقی معلومات کی بنیاد پرامیدوار محمد خالد خورشید کو 23ستمبر 2022 کو جاری کی جانے والی سندِ معادلہ (Equivalence Certificate)کومنسوخ کر دیا ہے’’نوائے وقت‘‘نے 16مئی کو وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان کی ڈگری جعلی ہو نے کی خبر دی تھی۔ امیدوار محمد خالد خورشید کی ایل ایل بی کی ڈگری کے جعلی ہونے کے حوالے سے ایچ ای سی کو موصول ہونے والے ایک سوال کی بنیاد پر ایچ ای سی نے ڈگری پر نظر ثانی کی اور ازسر نوپرکھنے کا عمل شروع کیا۔ ایچ ای سی نے پالیسی کے مطابق یونیورسٹی آف لندن سے درخواست کی کہ ڈگری، ٹرانسکرپٹ اورامیدوار کی طرف سے ایچ ای سی میں جمع کیے جانے والے تصدیقی مراسلے پر مبنی مہربند لفافے کی تصدیق کی جائے۔ جوابا یونیورسٹی آف لندن نے تصدیق کی کہ لفافہ اور اس کے مشمولات (ڈگری سرٹیفیکیٹ کی کاپی، لیٹر آف سرٹیفیکیشن اور ٹرانسکرپٹ) یونیورسٹی آف لندن کی جانب سے جاری نہیں کیے گئے۔امیدوار کی طرف سے ایچ ای سی میں جمع کیے جانے والے بیان حلفی کی شق 7(یعنی یہ کہ اگر کسی بھی مرحلے پر یہ بات سامنے آئی کہ میری تعلیمی دستاویزات مثلا ڈگری، ٹرانسکرپٹ جعلی ہیں یا یہ ایچ ای سی کے قواعد سے مطابقت نہیں رکھتیں تو ایچ ای سی پاکستان مجھے جاری کردہ لیٹر کو جلد از جلد منسوخ کرسکتا ہے۔)کے مطابق محمد خالد خورشید خان کی ڈگری کو 12مئی 2023کو منسوخ کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن