9 مئی تاریخ کا سیاہ باب: ساجد میر‘ پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ہماری جماعت ایک محب وطن جماعت ہے، جو وطن سے محبت کرتا ہے وہ افواج پاکستان سے بھی محبت کرتا ہے کیونکہ وہی وطن عزیز کی حفاظت اور مضبوطی کی ضامن ہے۔ 9 مئی کو جوا ہواوہ ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ پراجیکٹ عمران خان‘‘ کے ذمہ داروں کو بھی کٹہرے میں لانا ہو گا۔ پراجیکٹ کے مقاصد میں پاکستان کو پارلیمانی نظام سے واپس صدارتی نظام کی طرف لے جانا بھی شامل تھا۔ عدلیہ سمیت سبھی اداروں کا احترا م کرتے ہیں۔ تاہم عدلیہ میں ون مین شو ختم ہونا چاہیے۔ عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین سے انتقام لینے کیلئے فوج کو استعمال کیا۔ ان ریٹائرڈ جرنیلوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ جنہوں نے پراجیکٹ عمران خان کے ذریعے پاکستان کے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور کے زیر اہتمام ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جو ناصر باغ سے شروع ہوئی اور اسمبلی ہال تک اختتام پزیر ہوئی۔ فیصل چوک پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماضی میں بھی کئی سیاست دان عدالتوں سے گرفتار کئے گئے لیکن عمران خان کی گرفتاری پر ان کی پارٹی نے جو ردعمل دکھایا اس کی مثال پہلے موجود نہیں ہے۔ تحریک انصاف کا ردعمل ایک سیاسی جماعت کا ردعمل نہیں تھا بلکہ ایسے فین کلب کا ردعمل تھا جو ایک شدت پسند فرقے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ پاک فوج نے اندرون ملک اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اقوام متحدہ کے امن مشن کے ساتھ بھی اپنی خدمات سرانجام دی ہیں اور دنیا نے پاکستانی افواج کی خدمات کا ہر مقام پر اعتراف کیا ہے۔ کنوینئر ریلی چوہدری کا شف نواز رندھاوا نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر لوگوں کو گمراہ کرنے والے نام نہاد لیڈر نے تمام حدیں پار کر دیں۔ پوری قوم اپنی بہادر پاک فوج اور دیگر اداروں کے ساتھ ہے۔ ریلی میں ہزاروں افراد شریک تھے جنہوں نے پاک فوج کے حق میں کتبے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے مولانا ابوتراب، مولانا عبدالرشید حجازی، رانا شفیق خاں پسروری، حافظ یونس آزاد، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، حافظ معتصم الہی ظہیر، ریاض الرحمن یزدانی، حافظ بابر فاروق رحیمی، حافظ محمد علی یزدانی اورحافظ شفیق کاشف نے بھی خطاب کیا۔