سیاست کو شہدا کی قبر تک لے جانے پر مذاکرات کا دروازہ بند ہوگیا ‘ فیصل واوڈا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے عمران خان نے مراد سعید کو چھپایا ہوا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا سیاست کو شہدا کی قبر تک لے جانے پر مذاکرات کا دروازہ بند ہوگیا ہے، مذاکرات کا دروازہ بند کرکے چابی کنویں میں پھینک دی گئی ہے، آج لوگ اپنی جان بچانے کیلئے عمران خان کو چھوڑ کر جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا پارٹی چھوڑ کر جانے والے کچھ لوگ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ دار تھے، جو بڑے نام آرہے ہیں وہ عمران خان کی جگہ لینا چاہتے تھے۔ فیصل واوڈا نے کہا عمران خان کے بیان کے بعد سے مراد سعید کی جان اور مال کی ذمہ داری عمران خان پر آگئی، عمران خان نے مراد سعید کو چھپایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان سمجھ رہے تھے بہت سمارٹ پالیٹکس کر رہے ہیں لیکن غلطی کرگئے، دوسرا سازشی کامیاب ہوتا نظر آرہاہے۔انہوں نے کہا جہانگیر ترین کی پارٹی کا حصہ نہیں بن رہا۔