سب کچھ کرنے کے بعد مذاکرات کی بات ڈھونگ‘ شازیہ مری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کوشش تھی سیاسی پارٹیوں کے درمیان مذاکرات ہوں۔ ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا چیئرمین پیپلزپارٹی نے سیاسی پارٹیوں سے مذاکرات کے لئے سینئر رہنماوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی تھی ۔ پیپلزپارٹی کی ٹیم نے مختلف سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ سے ملاقاتیں کی تھیں اور بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان جاکرمولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔ شازیہ مری نے کہا عمران احمد نیازی نے چیئرمین پیپلزپارٹی کی کوششوں کو سبوتاژ کیا۔ 9 مئی کے واقعات نے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی کوشش پر پانی پھیر دیاہے۔ عمران خان کو تکبر لے ڈوبا اور عمران خان نے پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت بننے دیا ہی نہیں۔ شازیہ مری نے کہا غیر جمہوری سوچ اور آمرانہ طرز عمل نے عمران نیازی کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ عمران نیازی کی ہدایات پر جتھوں نے جی ایچ کیو اور جناح ہاوس پر حملہ کیا۔ آج کی صورتحال کے ذمہ دار عمران نیازی خود ہیں۔ شازیہ مری نے عمران خان سے مخاطب ہو کر کہا سب کچھ کر گزرنے کے بعد مذاکرات کی بات کرنا ڈھونگ ہے ۔ عمران خان نے اپنے بچوں کو لندن میں محفوظ جبکہ قوم کے بچوں کوملک دشمنی پر اکسایا۔