منظور احمد وٹو کی مخدوم احمد محمود سے ملاقات‘ سیاسی صورتحال پر گفتگو
لاہور (نامہ نگار) سابق وزیر اعلی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے گزشتہ روز سابق گورنر پنجاب و پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی سیاسی، اقتصادی و معاشی صورتحال سمیت موجودہ حکومت کی جاری پالیسیوں پر تفصیلی گفتگو کی اور 9 مئی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ دشمن جو 75 سال میں نہ کر سکا وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے گروہ نے کر دکھایا۔9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح ملکی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مخدوم سید احمد محمود سے ان کی رہائش گاہ مخدوم ہاؤس لاہور میں لیہ ڈسٹرکٹ کی پارٹی تنظیم کے عہدیداران کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی رمضان بھلر، ٹکٹ ہولڈر سید عرفان گردیزی، ڈویژنل جنرل سیکرٹری قاضی احسان، ڈسٹرکٹ لیہ کے صدر ملک ریاض حسین سامٹیہ، تحصیل صدر کروڑ لال عیسی قوی شاہ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری لیہندیم بلوچ اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین شامل تھے۔ ملاقات میں پارٹی تنظیمی کارکردگی سمیت ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔