• news

اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا گیا


اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوار کو اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا گیا ۔پاکستانی امن فوج اقوام متحدہ کے مشن کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ جب سے پاکستان اقوام متحدہ کا حصہ بنا ہے، امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی فوجیوں نے دنیا کی تقریبا تمام جنگوں میں اپنی بہادری اور ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دی ہیں۔ بین الاقوامی برادری عالمی امن کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی امن فوج کے 75 سال مکمل ہونے پر جشن منا رہی ہے۔ گزشتہ 75 سالوں میں اقوام متحدہ کے امن دستوں نے عالمی امن اور سلامتی کے لیے ان گنت قیمتی جانیں بچائی ہیں۔یہ دن امن کو برقرار رکھنے، انسانی مصائب کے خاتمے، جنگوں اور اندرونی تنازعات کا شکار ممالک میں دیرپا امن و امان کی صورتحال کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کی یاد مناتا ہے،عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔پاکستانی امن دستے اقوام متحدہ کی امن فوج کے مشن کو انتہائی مہارت اور لگن سے پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے امن کے مبصرین کو اپنے مینڈیٹ کی تکمیل کے لیے مکمل مدد اور مکمل رسائی فراہم کرتا ہے۔اقوام متحدہ کے امن مشن کے دوران 27 افسران سمیت 171 پاکستانی فوجیوں نے عالمی سطح پر امن کی بحالی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔پاکستانی امن دستوں نے اعلی سطح پر امن کی بحالی کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
 عالمی دن 

ای پیپر-دی نیشن