چھینہ گروپ، ملک خرم، طارق محمودالحسن، نادیہ عزیز، جمشید تھا مس بھی پی ٹی آئی سے علیحدہ
لاہور‘ اسلام آباد‘ پشاور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چھینہ گروپ‘ ملک خرم‘ طارق محمود الحسن‘ نادیہ عزیز‘ جمشید تھامس کی بھی پی ٹی آئی اے سے علیحدگی ہوگئی۔ تفصیل کے مطابق ہم خیال چھینہ گروپ میں تحریک انصاف کے 19 ٹکٹ ہولڈر شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پی ٹی آئی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ ذرائع ہم خیال گروپ کے مطابق غضنفر عباس چھینہ نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہم خیال گروپ کے رہنماﺅں کو لاہور بلا لیا۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق محمودالحسن نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کے عہدوں سے مستعفی ہو رہا ہوں۔ سابق معاون خصوصی طارق محمودالحسن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات نے اوورسیز پاکستانیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ جمشید تھامس نے پارٹی عہدے سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا بھی اعلان کر دیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے جمشید تھامس اقلیتی نشست پر رکن اسمبلی بنے تھے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرکے ملک خرم علی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کیا اور سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ امیدوار پی ٹی آئی این اے 56 ملک خرم علی نے کہا کہ 2013ء میں مجھے ٹکٹ نہیں دیا گیا‘ لیکن میں پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ہی سفر جاری تھا کہ 9 مئی آگیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نادیہ عزیز نے کہا ہے کہ میں این اے 84 کی ٹکٹ ہولڈر ہوں۔ سرگودھا سے میرا تعلق ہے۔ 2002ءسے سیاست کرتی آرہی ہوں۔ وقتی طورپر سیاست سے کنارہ کشی کر رہی ہوں۔ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں۔ اس قسم کی سیاست کا جاری رکھنا میرے لئے مشکل ہے۔ جماعت بدلنا میرا آپشن نہیں ہے۔سابق ایم پی اے خیبر پی کے اسمبلی آغا اکرام اللہ گنڈاپور نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آغا اکرام اﷲ گنڈا پور نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔ ان واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے۔ واقعات کے بعد پاکستانی ہونے کے ناطے پی ٹی آئی سے تعلق نہیں رکھ سکتا۔