ماحول سازگار نہیں‘ پی ٹی آئی کمیٹی سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا: سعد رفیق
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے۔ ان واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔ جناح ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جب مذاکرات کا وقت تھا‘ تب ہم نے بات کی۔ عمران خان نے کہا مذاکرات بند کر دو۔ اب یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ آپ ملکی دفاعی تنصیبات اور املاک پر حملہ‘ غنڈہ گردی کریں اور جب ناکام ہو جائیں تو کہیں کہ آئیں مذاکرات کریں۔ عمران خان نے مذاکرات کیلئے جو کمیٹی بنائی‘ اس سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی بے گناہ کو سزا نہ ملے گی اور کوئی ذمہ دار سزا سے بچ نہیں سکے گا۔ جناح ہاﺅس میں لگی آگ پٹرول سے نہیں بلکہ کسی کیمیکل سے لگائی گئی۔ وہ کیمیکل کس نے فراہم کیا‘ کہاں سے آیا؟۔ پی ٹی آئی نے پڑھے لکھے نوجوانوں‘ ڈاکٹروں‘ انجینئرز کے ذہنوںمیں زہر بھرا۔ ان کو پوری قوم اور افواج پاکستان سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کے دور میں ہم روز احتجاج کیا کرتے تھے‘ لیکن کبھی بھی ہم نے کسی چھاﺅنی کے علاقوںکی حدود کو مجروح نہیں کیا۔
سعد رفیق