• news

یوم تکبیر سلور جوبلی : دفاعی صلاحیت کا شاندار سفر، وزیر اعظم 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی+نمائندگان) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم تکبیر محض ایک دن نہیں بلکہ ہمارے قوم کی کم سے کم دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھنے کی جانب شاندار سفر کی کہانی ہے۔ اس عظیم کامیابی کا حصول قومی طاقت کے تمام مراکز کے درمیان اتفاق رائے سے ممکن ہوا۔ اس دن پاکستان نے اپنے دفاع کیلئے ایک ریڈ لائن مقرر کی اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے کھیل کے اصول وضع کئے۔ اتوار کو یوم تکبیرکی مناسبت سے اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یوم تکبیرکی سلور جوبلی پر میں سیاسی اور عسکری قیادت، سائنس دانوں، انجینئرز اور ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہمارے ایٹمی پروگرام سے وابستہ رہے۔ ان کی محنت، عزم اور ولولہ نے پاکستان کے عوام کو اپنی آزادی کی کسی بھی خطرہ سے حفاظت کو ممکن بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے جوہری پروگرام کا آغاز کیا اور میرے قائد محمد نواز شریف نے تمام دباﺅ اور لالچ کو ٹھکراتے ہوئے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہماری مسلح افواج نے ہمارے دشمنوں کے مذموم عزائم کے خلاف اس پروگرام کی سرپرستی اور حفاظت کی ذمہ داری نبھائی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم تکبیر کے موقع پر پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے، یہ تجربات خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا، اس کے لیے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے، اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا، ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، سیاسی و عسکری قیادت نے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ آئیں، ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کا عہد کریں، اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں، مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ28مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے۔ ایٹمی صلاحیت نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ پوری قوم کو ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرات و بہادری کی علامت کا دن ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، 28 مئی کو پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا، پوری قوم کو سیاسی قیادت، مسلح افواج اور اپنے ایٹمی سائنسدانوں پر فخر ہے۔ 28 مئی کو سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عزم کی تکمیل ہوئی، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عزم کو پایہ تکمیل پہنچایا، آج کا دن شہید ذوالفقار علی بھٹو، میاں محمد نواز شریف، ایٹمی سائنسدانوں اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، 28 مئی 1998 کو سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے خوب کو شرمندہ تعبیر کیا، 28 مئی کو پاکستان نے پوری دنیا کے سامنے اپنی طاقت کا لوہا منوایا اور اسلامی دنیا کی پہلا ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، دشمن ملک خدا داد پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے اپنے پیغام میں کہاکہ آج کا دن ہمیں 28 مئی 1998کے عظیم الشان دن کی یاد دلاتا ہے جس دن پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکے کے جواب میں 28 مئی 1998 کو 5 ایٹمی دھماکے کیے، 28 مئی کو پاکستان کو اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ زاہد اکرم درانی نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالی کی ایک عظیم نعمت ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یوم تکبیر پر پوری قوم کومبارکباد دی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر خزانہ نے جوہری تجربات کی سالگرہ کے موقع پر ملکی دفاع کوناقابل تسخیر بنانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے بھی شکرگزار ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ”یوم تکبیر“ یہ دن قائد نواز شریف کی حب الوطنی، بہادری، بصیرت اور قومی مفاد پر سمجھوتہ نہ کرنے کا دن ہے۔ اتوار کو یوم تکبیر کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم تکبیر، پاکستان ناقابل تسخیر‘ کا اعلان ہے، اللہ پاک کا شکر اور احسان بجالاتے ہوئے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، دوستوں اور محسنوں کو مبارک پیش کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ دن قائد نواز شریف کی حب الوطنی، بہادری، بصیرت اور قومی مفاد پر سمجھوتہ نہ کرنے کا دن ہے، سائنسدانوں سمیت پوری ٹیم کوبھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دیں اور 25 سال پہلے آنے والی نسلوں کے لئے دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قومی فتح اور اتحاد کے دن کو آج شام لبرٹی چوک لاہور میں مریم نواز شریف کے ساتھ اپنی بھرپور شرکت یقینی بنا کر فخر سے منائیں۔ پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال مکمل ہو گئے، ملک بھر میں یوم تکبیر کی سلور جوبلی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ اٹھائیس مئی ہر پاکستانی کیلئے فخرکی علامت، وہ دن جب پاکستان نے دنیا کے سامنے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کیا۔ چاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکوں نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔ قوم آج بھی ایٹمی دھماکے کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا، چاغی کے پہاڑوں پر اللہ اکبر کا نعرہ بلند ہوا جسے پوری دنیا میں سنا گیا۔ وطن عزیر پر حملہ کی خواہش لیے بھارتی حکومت کو جیسے سانپ سونگھ گیا۔ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبر بھی خاک میں مل کر رہ گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے دنیا بھر کے دباﺅ کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر اس وقت کی حکومت نے ملک کو ایٹمی قوت سے ہمکنار کرنے کیلئے دباﺅ اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کی۔ دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں بھی یوم تکبیر منایا گیا۔ ہر سال کی طرح یوم تکبیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔ اس دن خاص طور پر وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے قربانیاں دینے والے عظیم شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ جذبہ ایمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے سرشار پاک فوج اس دن ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح ہوگئی تھی، جو اب دشمن کی ہر جارحیت اور خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ 28 مئی ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یوم تکبیر کے موقع پر ٹویٹ میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آج پوری قوم 1998ء میں پاکستان کی جانب سے کیے گئے جوہری تجربات کے دن کی سلور جوبلی منا رہی ہے۔ آئیے ہم سب ان افراد کی اہم خدمات کا احترام کریں اور ان کا اعتراف کریں، جنہوں نے اس تاریخی سنگ میل کو حاصل کرنے اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن مانانوالہ کے زیر اہتمام یومِ تکبیر اور یومِ تکریم شہداءکے حوالے سے اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے استحکامِ پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں طلبائ، صحافی، سیاسی اور دیگر تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ شرکاءنے قومی پرچموں کے ساتھ بینرز اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی سردار عرفان ڈوگر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمود الحق شاہین نے کی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری سجاد گجر، خان جہانزیب خان نے خصوصی شرکت کی۔ ڈھول کی تاپ اور پھولوں کی پتیوں زبردست استقبال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن