نئی پارٹی کی تشکیل، شمولیت کیلئے پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے جہانگیر ترین سے رابطے تیز
لاہور+اسلام آباد( نیوز رپورٹر+نامہ نگار+این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ روز سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ جہانگیر ترین نے اپنی نئی جماعت کے لئے پاکستان مسلم لیگ (جناح) کا نام طے کر لیا ہے جبکہ انتخابی نشان عقاب کیلئے درخواست دی جائے گی۔ تاہم جہانگیر خان ترین یا ان کے کسی قریبی ساتھی کی جانب سے جماعت اور انتخابی ناموں کے حتمی طے ہونے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔ دوسری طرف پی ٹی آئی چھوڑنے والوں نے شمولیت اور نئی پارٹی کی تشکیل کیلئے جہانگیر ترین سے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ گزشتہ روز جہانگیر ترین سے پاکستان کے سابق ایم این اے محمد شاہ کھگہ نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق رکن پنجاب اسمبلی سعید اکبر نوانی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چودھری بھی شریک تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوئی۔ جہانگیر ترین ملاقاتوں اور مشاورت کے بعد جلد اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریںگے۔ بعدازاں جہانگیر ترین سے پی ٹی آئی کے سابق رہنما ڈاکٹر امجد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ ڈاکٹر امجد کے صاحبزادے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
جہانگیر ترین/ نئی پارٹی