9 مئی واقعات کی مذمت‘ میرے قتل کیلئے 3 افراد ہائر کر لئے: شیخ رشید
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مجھے ختم کرنے کیلئے تین افراد کو انگیج کر لیا گیا ہے۔ بزدل نہیں ہوں۔ دوستی و دشمنی قبر کی دیوار تک نبھائوں گا۔ سچ و حق کا جھنڈا بلند رکھوں گا۔ چاہے جان چلی جائے۔ ملک میں نہیں تھا اس کے باوجود 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی کیونکہ پاک فوج کو عظیم اور ملک کا محافظ سمجھتا ہوں۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنے دفاع کا حق رکھتا ہوں۔ پاکستان کی حقیقی حکومت کے ذمہ داران کو لکھ دیا ہے زیادتی کی ایک حد ہوتی ہے۔ پی ڈی ایم انتقام کو اس سطح پر لے جا رہی ہے کہ جو فصل وہ بورہے ہیں‘ وہ خود انہیں بھی کاٹنی ہے۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں جو لوگ پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں‘ وہ کمزور ہو سکتے ہیں۔ ان کے کیسز ہو سکتے ہیں۔ وہ دبائو برداشت نہیں کر سکتے ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہاہے‘ اس کے ساتھ کھڑا ہوں اور جب عمران خان اقتدار میں ہوگا‘ اس وقت مجھ پر کوئی ذمہ داری نہیں ہوگی کہ میرا کردار کیا ہوگا۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کوئی شوگر فیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے۔ ٹوئٹر پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قصور کا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، یوم تکبیر کے ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفرالحق، گوہر ایوب اور خود کو کریڈٹ دیتا ہوں، باقی ساری کابینہ نوازشریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 13 جماعتوں کے لیڈر نیلامی میں اور عوام پریشانی میں ہیں، اداروں سے درخواست ہے کہ 9 مئی کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے، لیکن کس کے کہنے پر پولیس خواب خرگوش سوئی رہی، یہ سب سے اہم ترین سوالیہ نشان ہے، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا، لیکن پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ بھی کھڑا نہیں ہو سکتا۔