امہقبلہ اول کے بارے میں اپنی ذمہ داری کا احساس کریں: فلسطین
غزہ (آئی ا ین پی ) فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے حماس کی اپیل پر غزہ پٹی کے شہر خان یونس میں ہونے والے مظاہرے کے دوران عرب اور مسلم اقوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلہ اول پر صیہونیوں کے حملوں کے بارے میں اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ حماس کے سیاسی دفتر کے رکن علی العمودی نے اس بارے میں کہا کہ ہم اس مظاہرے میں شرکت کر کے قدس میں ملت فلسطین اور مسجد الاقصی کے محافظ مردوں اور عورتوں سے یہ کہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔ تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ایک اعلی رکن تمیم برکہ نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ سازباز کرنے والی عرب حکومتیں امریکہ کے ساتھ تعلقات کا شوق رکھتی ہیں، ان کے لیے ہمارا پیغام یہ ہے کہ وہ امت کے اصلی ترین مسئلے یعنی فلسطین اور مسجد الاقصی کے بارے میں سنجیدہ موقف اختیار کریں۔ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیاسی دفتر کے رکن طلال ابوظریفہ نے بھی غاصب اسرائیلی حکومت کو جارحانہ اقدامات کے نتائج کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی کابینہ نے مسجد الاقصی کے نیچے ایک ٹنل میں اپنا اجلاس منعقد کیا، اس سے کشیدگی میں اضافہ ہو گا اور ممکنہ طور پر جھڑپوں میں شدت آئے گی اور یہ فلسطینی قوم کے خلاف غاصب حکومت کے جرائم پر پردہ ڈالنے کا ایک حربہ ہے۔ اس سے قبل مزاحمتی گروہوں نے ایک بیان میں مسجد الاقصی کی بار بار بیحرمتی کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ صیہونیوں کی جانب سے مسجد الاقصی کی بیحرمتی جاری رہنے اور ملت فلسطین کے مقدسات کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کے نتائج کی پوری ذمہ داری غاصب صیہونیوں پرعائد ہو گی۔