سندھ: دو واقعات میں 6 بچے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے ضلع خیرپوراور تھرپارکر میں 6 بچے تالاب میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔افسوس ناک واقعہ ضلع خیرپور تھانہ ٹنڈومستی کی حدود میں گوٹھ وارث اجن میں پیش آیا جہاں تالاب میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ دو بچوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ، پولیس کاکہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت چاروں بچوں کی لاشوں کو تالاب سے نکال لیا جبکہ زندہ بچ جانے والے بچوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں کاکہنا ہے کہ چاروں بچے گرمی سے بچنے کے لئے مچھلی کے تالاب میں نہا رہے تھے۔ایک اور واقعہ تھرپارکر ڈیپلو کے قریب گاؤں رانی ویرو میں پیش آیا جہاں پانی کے تالاب میں ڈوب کر دو بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ورثا کا کہنا ہے کہ بچے کھیلتے ہوئے اچانک پانی کے تالاب میں گر کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بچوں کی لاشیں پانی سے باہر نکال کر ڈیپلو ہسپتال منتقل کردیں۔