• news

قید خواتین سے بدسلوکی، پراپیگنڈا سراسر جھوٹا: نگران وزیر اطلاعات

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے ایک مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے کیے جانے والے اس پروپیگنڈے کو سراسر جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے کہ 9 مئی کو ملٹری اور سویلین تنصیبات پر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث خواتین کے ساتھ دوران قید برا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک نام نہاد سیاسی پارٹی اپنے مذموم مقاصد کے لیے خواتین بارے زہریلا پروپیگنڈہ کر کے عوام کی جھوٹی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ حکومت خواتین کے حقوق کی علمبردار ہے۔ خواتین سے بدسلوکی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے 9 مئی کے دہشتگردانہ واقعات میں ملوث خواتین کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا جس میں سے 21 رہا ہو چکی ہیں اور  اس وقت 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔ جن کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے اور قیدی خواتین خود بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اچھے سلوک کی گواہی دے رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن