• news

9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش: خرم دستگیر

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور اس کے فسادی جتھوں نے 9مئی کو ملک میں فساد برپا کیا۔ ہم ملک توڑنے والوں کے ساتھ نہیں ہیں، ہم تعمیر کرنے والوں کے ساتھ ہیں، تعمیر کرنے والوں میں ہماری افواج ہے، جس کے سپاہی آج بھی سرحدوں پر کھڑے ہیں۔ یہی افواج سب سے پہلے پاکستان کے ایٹمی قوت کی محافظ ہے، ان کے پیچھے دفاع کے لیے پاکستان کی پوری قوم کھڑی ہے۔ نواز شریف کی تاریخی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، ایٹمی دھماکے کئے 25سال ہو گئے ہیں اور ہم آج 25واں یوم تکبیر منا رہے ہیں۔ 1998ء میں نواز شریف نے ہندوستان کے 5دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 6دھماکے کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر یوم تکبیر کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری محمود بشیر ورک، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر گیپکو محمد شعیب بٹ، سابق ایم پی ایز حاجی عبدالرف مغل، حاجی وقار چیمہ، لیگی رہنما ناصر محمود کھوکھر، چوہدری یوسف سندھو و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سابق ڈپٹی میئر رانا مقصود، سابق یوسی چیئرمینوں عامر اکرام بٹ، حاجی خالد مغل، عاطف مسعود بٹ، شاہد ظفر بھنڈر،خطیب الرحمن مغل، میر مقصود احمد، عاطف عزیز، سٹی صدر یوتھ ونگ عرفان حمید چاند بٹ، جمشید ایوب بٹ، حافظ کاشف، ملک موسی، عبداللہ دھاریوال، شیخ افضل جج، سفیان قیصر بٹ، نعیم یونس بٹ، ماما شہباز، ملک ظفر، ذاکر نواب، یاسر اسلم بٹ، صدیق نیاز کمبوہ، خالد ڈار، بلال بٹ، سمیت مسلم لیگی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ یوم تکبیر اور یوم جمہوریہ پاکستان کی تاریخ کے ایسے دن ہیں جو میری اور آپ کے بچوں کی میراث ہے،عمران خان کے دو عزائم تھے جس میں اسکو ناکام کیا گیا،فوج پر حملے کر کے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی،9 کو جو سازش کی گئی اسکے پیچھے عمران خان کے بہت گھنائونے عزائم تھے۔ صرف جناح ہائوس لاہور نہیں، ایم ایم عالم، ریڈیو پاکستان پر بھی آگ لگائی گئی۔ عمران خان دنیا کو پیغام دے رہا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن