• news

بحریہ پی این ایس شاہجہاں کی لنگکاوی انٹرنیشنل میری ٹائم اینڈ ایرو سپیس نمائش میں شرکت

 اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کے جہاز شاہجہاں نے لنگکاوی انٹرنیشنل میری ٹائم اینڈ ایرو اسپیس نمائش (لیما-23) میں شرکت کی، جہاز کی شرکت کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور نمائش میں شریک بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دیناہے۔ اتوار کو ترجمان پاکستان نیوی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پورٹ لنگکاوی پہنچنے پر ملائیشیا میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور ملائیشین نیوی کے حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملائیشین حکام سے ملاقاتوں کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے ملائیشیا کے عوام کے لیے بالعموم اور ملائیشین نیوی کے لیے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون،علاقائی امن اور بحری سلامتی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پی این ایس شاہجہاں نے لنگکاوی میں بین الاقوامی فلیٹ ریویو میں شرکت کی جس کا مشاہدہ ملائیشیا کے وزیراعظم نے کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، جہاز کے افسران اور عملے نے میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنز پر مختلف کانفرنسز، ٹیبل ٹاپ ڈسکشنز اور نالج شیئرنگ سیشنز میں حصہ لیا۔ بندرگاہ کی سرگرمیاں مکمل ہونے پر پی این ایس شاہجہاں نے برونائی، چین، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جمہوریہ کوریا، سنگاپور، تھائی لینڈ، امریکا اور دیگر بحری افواج کے جنگی جہازوں کے ہمراہ لیما سمندری مشق میں بھی حصہ لیا۔پی این ایس شاہجہان کے دورہ ملائیشیا نے مختلف بحری ممالک کے درمیان بحری تعاون کو فروغ دینے اور ملائیشیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور موجودہ دوستی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن