پی ڈی ایم، پی پی، پی ٹی آئی ناکام، ملکی مسائل کا حل جماعت ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی ناکام ہو گئی۔ ملکی مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ موجودہ ملکی سیاسی، معاشی، آئینی، اخلاقی بحران کی ذمہ دار پی ٹی آئی، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی کی قیادت ہے۔ انہوں نے ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، لاقانویت، انتہا پسندی، معیشت کی تباہی کی دلدل میں پھنسا دیا ہے۔ قیام پاکستان کی بنیادوں میں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، اکابرین کے شہیدوں کا خون ہے۔ کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والے ملک میں ایک دن کے لیے بھی قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہو سکا ہے اور عدالتوں میں انگریز کا قانون چل رہا ہے، سودی نظام نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ ملک کی موجودہ غیر یقینی صورتحال پر ہر ذی شعور پاکستان پریشان ہے۔ ڈاکٹر عبد القدیر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ملک کو مضبوط بنانا ہے تو اسلام اور جمہوریت پر عمل کرنا ہو گا۔ 75 سالوں میں نا حقیقی اسلامی نظام آیا اور نا ہی حقیقی جمہوریت قوم کو ملی۔ تینوں پارٹیوں نے عدالتوں، نیب کو یرغمال بنایا، قومی اسمبلی میں قومی مفادات پر کوئی قانون سازی نہیں ہوئی۔ پاکستان میں آج عدل و انصاف نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر مولانا ہدایت اللہ نائب قیم کے پی کے، مولانا تسلیم اقبال امیر جماعت اسلامی کرک، محبوب جانان امیدوار برائے صوبائی اسمبلی و دیگر بھی موجود تھے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ نے اقتدار سے نوازا تو جماعت اسلامی کی حکومت کرپٹ حکمرانوں سے قومی دولت کی ایک ایک پائی وصول کرے گی۔ پاکستان کے عوام ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ، کرپشن کے خاتمے، ملک کی آزادی، خود مختاری، قومی سلامتی کے تحفظ اور اسے ایک اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے آئندہ انتخابات میں ووٹ کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ انشاء اللہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ کر کے اسے حقیقی معنوں میں قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کا پاکستان بنائے گی۔