راوی شہر کا چہار باغ رہائشی منصوبہ فن تعمیرات کا شاہکار ہوگا :عمران امین
لاہور(کامرس رپورٹر)عمران امین سی ای او روڈا نے کہا ہے کہ راوی شہر کا چہار باغ رہائشی منصوبہ فن تعمیرات کا شاہکار ہوگا۔ عالمی معیار کا انفراسٹرکچر اسے دیگر منصوبوں سے ممتاز کریگا۔اپنے ہفتہ وار دورے کے موقع پربریفنگ کے دوران گفتگو کر تے ہوئے عمران امین کا کہنا تھا کہ چہار باغ منصوبہ جوکہ 322ایکٹر سے زائد رقبہ پر بنایا جارہاہے اس کے دو فیز ہونگے پہلے فیز کے رہائشی اور کمرشل تعمیرات بارے ابتدائی مرحلہ مکمل ہو چکا جبکہ یہاں جاری ترقیاتی کام بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائینگے۔عبد الوحید خان ایگزیکٹو ڈائریکٹرشعبہ انجینئر نگ نے سربراہ روڈا کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ چہار باغ منصوبہ میں ہونیوالا انفراسٹرکچر کاکام اعلی تعمیرات کا نمونہ ہوگا۔ ہم یہاں ڈیویلپمنٹ کی اساس ’’s POD Principle‘‘یعنی پیدل چلنے والوں کی سہولت کاری سے تعبیر کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں چہار باغ منصوبہ ماحولیاتی جائزے میں ایک منفرد مقام کا حامل ہوگا۔ دورے کے دوران نادیہ طاہرسربراہ شعبہ ماحولیات روڈا نے عمران امین سی ای اوروڈا کو دریائے راوی میں کامران کی بارہ دری پر چیلوں کی کثرت پیداوار سے سیاحوں کی پریشانی بارے آگاہ کیا جس پر عمران امین نے ایشو کے تدارک کیلئے متعلقہ افسران کو شعبہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے رجوع کرنیکی ہدایت کی ۔ اپنے ہفتہ وار دورہ کے دوران عمران امین سی ای روڈا نے چہار باغ کے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبہ پر کام کرنیوالے روڈا افسران اور عملہ کی لگن اور جانفشانی کو سراہا۔