پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیر اہتمام کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیر اہتمام کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا انعقاد ہوا۔کانفرنس میں مختلف سیاست ، تجارت ، صحافت ، معاشرت ، ادب اور ثقافت سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔پاکستان اس وقت مضبوط ہوگا جس وقت افواج پاکستان اور عوام پاکستان میں فاصلے ختم ہوں گے۔ شہداء افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر پاک فوج کے شہداء کے ساتھ اظہار عقیدت ، اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے باہمی اتحاد ، ارض وطن کے استحکام کیلئے پاکستان بزنس فورم فرانس نے کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا اہتمام کیا۔ سردار ظہور اقبال نے کانفرنس میں کہا کہ افواج پاکستان کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث شرپسندوں کو سخت سزا دی جائے لیکن بے گناہ سیاسی ورکرز کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔ پاکستان پریس کلب کے بانی صدر صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کہا کہ افواج پاکستان ملکی دفاع کی ضامن ہیں۔ عوام اور افواج میں فاصلہ اور بد اعتمادی ہمیں مزید کمزور کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر نے کہا کہ ہم دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔تحریک انصاف فرانس کے سینئر رہنما چوہدری گلزار لنگڑیال نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ افواج پاکستان کے ساتھ محبت اور عقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ بے گناہ کارکنوں اور خواتین کو فوری رہا کیا جائے۔