• news

ترکیہ شراکت دار‘ تعلقات مزید مضبوط ہونگے: وزیراعظم‘ اردگان کو فون

لاہور‘ کراچی‘ برسلز (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + نیوز ایجنسیاں+ خبر نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترک صدر کی متحرک قیادت میں پاک ترکیہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ دعا ہے صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ ترقی کی نئی منزلیں طے کرے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا اردگان کی قیادت پر عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ سراج الحق نے رجب طیب اردگان کو ترقی کا صدر منتخب ہونے پر جماعت اسلامی کی جانب سے مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ رجب طیب اردگان دنیا میں اسلام کی توانا آواز ہیں۔ ان کی فتح عالم اسلام کیلئے خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے۔ مظلوم مسلمانوں بالخصوص کشمیریوں کو اس سے تقویت ملے گی۔ جے یو آئی کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے اردگان کو ترکی کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ صدارتی انتخاب میں ان کی فتح عالم اسلام کیلئے ایک امید اور خوشخبری ہے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی اردگان کو مبارکباد دی۔ امریکی صدر جو بائیڈن‘ نیٹو کے سیکرٹری جنرل سٹولٹنبرگ اور یورپی یونین کمشن کے صدر نے بھی اردگان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے بیان میں کہا کہ عزیز بھائی اردگان کو جمہوریہ ترکیہ کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اردگان کی قیادت میں ترکیہ ترقی کی طرف گامزن رہے گا۔ برادر ملک ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط سٹرٹیجک شراکت ہے۔ یقین ہے مستقبل میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فون کر کے اردگان کو مبارکباد دیتے کہا برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے‘ آپ کے ساتھ ملکر کام کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔ طیب اردگان نے شہباز شریف کا شکریہ ادا اور پاکستان حکومت ‘ عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن