• news

چیف جسٹس نے گڈ ٹو سی یو" کہہ کر درخواست نمٹا دی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور حکومت میں وزیراعظم کے معاون خصوصی کی تعیناتی سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران گڈ ٹو سی کہہ کر درخواست نمٹا دی۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی دور میں وزیراعظم کے معاونین کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے غیر مؤثر ہونے پر درخواست نمٹا دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ نے جن معاونین کی تعیناتی چیلنج کی ہے، وہ چلے گئے۔ اب اگر ہم اس درخواست پر کچھ کریں گے تو وہ محض اکیڈمک ہو گا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے معاونین کی تعیناتی سے متعلق رولز آف بزنس کو بھی چیلنج کیا تھا، جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ پہلے ہی طے کر چکی ہے۔ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیئے آپ کی درخواست غیر موثر ہو چکی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا اس بنیاد پر اعتراض مسترد کیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے درخواست گزار کے وکیل کو "گڈ ٹو سی یو" کہہ کر درخواست نمٹا دی۔ واضح رہے کہ فرخ نواز بھٹی نے عمران خان دور میں معاونین خصوصی کی تعیناتی چیلنج کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن