• news

اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا: آرمی چیف

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور پاک فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے افسران سے خطاب کیا۔ افسران سے خطاب کرتے ہوئے  آرمی چیف نے  روایتی، غیر روایتی اور ففتھ جنریشن وار فیئر کے لیے آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو لوگ پاکستان کے عوام اور اس کی مسلح افواج کے درمیان مضبوط بندھن کو کمزور کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں وہ انشاء  اللہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ پاکستان کے بہادر اور غیور عوام کی مقروض ہیں جنہوں نے ملک کے طول و عرض میں مسلح افواج سے اپنی منفرد محبت کے اظہار کے لئے یکجہتی کے مظاہرے منعقد کر کے دشمن کے مذموم عزائم کا منہ توڑ جواب دیا۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ پاکستانی عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پاکستانی عوام کی حمایت کی وجہ سے اسے شکست دینا ممکن نہیں، الحمد للہ۔ آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں فوجیوں کے لیے مختلف فلاحی سکیموں کا بھی دورہ کیا۔ قبل ازیں کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن